نئی دہلی،6؍اگست (ایس او نیوز؍یو این آئی) ہندوستان نے پیرکواقوام متحدہ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اراکین روس، امریکہ، چین، برطانیہ اورفرانس کےسفیروں کو جموں وکشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹانے اور ریاست کو دومرکزکے زیرانتطام علاقوں میں تقسیم کرنےکےاپنے فیصلے کے بارے میں اطلاع دی۔
سرکاری ذرائع نےبتایا کہ وزارت خارجہ کے افسران نے ان پانچ بڑی طاقتوں کے علاوہ کئی ممالک کے سفارت کاروں کو بھی جموں وکشمیر سے متعلق فیصلے کے بارے میں اطلاعات فراہم کیں۔
ذرائع کے مطابق مختلف ممالک نے اس معاملے میں دلچسپی کا اظہا ر کیا تھا۔ اس کے بعد وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے پی۔5 ممالک سمیت ان ممالک کے سفارت کاروں کو بلاکر انہیں پوری جانکاری دی۔
گورنر نےصورتحال کا جائزہ لیا: جموں وکشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو ہٹائے جانے کے واقعات کے بعد گورنر ستیہ پال ملک نے پیرکو ریاست کی موجودہ سلامتی اورنظم ونسق کی صورت حال کا جائزہ لیا۔ گورنرہاؤس میں شام کومنعقد میٹنگ میں گورنرکے صلاح کاروں وجےکمار، کے کے شرما، کےسکندن اور فاروق خان اورچیف سکریٹری بی وی آر سبرامنیم موجود تھے۔ میٹنگ میں گورنرکوریاست کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی گئی۔
ستیہ پال ملک نے موجودہ سلامتی کی صورت حال پر گہری رکھنے کی ضرورت پرزوردیا اورلوگوں کےعام فائدہ کےلئےسماج میں امن اور بھائی چارہ لانے کی کوششوں پر زوردیا۔ انہوں نےمختلف سماجی، مذہبی اورسیاسی تنظیموں کےلیڈروں اورعام لوگوں سے ریاست میں قانون انصرام بنائے رکھنے میں حکومت کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔